• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت پاناما کیس کا فیصلہ جلد کرے تو بہتر ہے،گیلانی

It Is Better For Court To Give Verdict On Panama Case Soon Gillani

سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات پر توجہ دیں تاکہ آئے روز کی دھاندلی کا رونا ختم ہو، عدالت پاناما کیس کا جلد فیصلہ کرے تو بہتر ہے ۔

ملتان میں پی پی پی کے رہنماء خواجہ رضوان عالم سے ان کی والدہ کے انتقال کی تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ابھی کئی پاناما آئیں گے، کیا ہر بار جے آئی ٹی بنے گی ؟اس حوالے سے قانون سازی کی جائے تاکہ احتساب کے ادارے خودبخود حرکت میں آئیں۔

ان کا کہناتھاکہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کی جانب توجہ دیں ، انتخابی اصلاحات نہ بنائی گئیں تو آئندہ بھی دھاندلی کے الزامات لگیں گے ، پارلیمنٹ کو انتخابی اصلاحات پر لائحہ عمل بنانا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ادارے اتنے مضبوط ہو جائیں کہ آئندہ کوئی کرپشن کا معاملہ ہو تو ، ادارے خود احتساب کریں ، ملک اس وقت جن مسائل سے دوچار ہے ، عدالت جلد فیصلہ سنا دے تو بہتر ہے ، حالات پہلے جیسے نہیں ، اداروں کا ٹکراو نظر نہیں آ رہا ، سپریم کورٹ کا فیصلہ آتے ہی حالات نارمل ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے ، جمہوری عمل کو چلتے رہنا چاہیے ، وزیراعظم کے خلاف اگر کوئی سازش ہو رہی ہے تو وہ اس پر قوم کو اعتماد میں لیں ۔

سید یوسف رضا گیلانی کا کہناتھاکہ ذوالفقار علی بھٹو حقیقی لیڈر تھے جن کی قربیانیاں فراموش نہیں کی جا سکتی، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پنجاب میں آج سے حکومت مخالف مظاہرے شروع ہیں ، مخدوم احمد محمود کا اپوزیشن کے لئے جارحانہ رویہ پیپلز پارٹی کا عکاس ہے ۔

انہوں نے کہا چوہدری نثار کیا کرنے جا رہے ہیں میں کوئی پیشگوئی نہیں کر سکتا ، پی پی نظریاتی پارٹی ہے ، مفاد پرست بڑے افراد پارٹیاں بدلتے ہیں ، کارکن پارٹی کے ساتھ رہتے ہیں، آئندہ الیکشن کا منشور تیار کیا جا رہا ہے ، سیاست روزانہ کی بنیاد پر ہوتی ہے جو صورتحال نظر آ رہی ہے حتمی نہیں ، اپنی وزارت اعظمی کے دور میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر بات کی تھی ، بھارت ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھے ۔

اس موقع پر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا کہ لوگوں کو احساس ہونا چاہیے پنجاب کے مسائل پیپلز پارٹی حل کر سکتی ہے نون لیگ اور تحریک انصاف کچھ نہیں کریں گی ۔

تازہ ترین