اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرمملکت طلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کاسفر جاری رہے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کاعظیم ترہدف حاصل کیاجائے گا۔ وزیرمملکت نے ان مفروضوں کو مسترد کردیا کہ مسلم لیگ (ن)وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں وزیراعظم کے عہدے کیلئے بعض متبادل ناموں پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ پر قیاس آرائیاں کرنے اور افواہیں پھیلانے والے غلط ثابت ہوں گے۔
دریں اثناایک انٹرویو میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنے آئینی استثنی کو استعمال کرنے کی بجائے خود کو احتساب کیلئے پیش کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے اب ہرشخص خصوصا سرکاری عہدیداران کو احتساب کے عمل سے گزرناہوگا۔ عمران خان اپنی رقوم کاحساب کتاب فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں اور انہوں نے اقرار کیاہے کہ انکے پاس کرکٹرکی حیثیت سے اپنی آمدنی کاکوئی ریکارڈ نہیں ،دریں اثنا مریم اورنگزیب نے نوشہرہ میں پشتو زبان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ زرسانگہ اور ان کے بیٹوں پر حملے اور تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرسانگہ منفرد لہجے کی خوبصورت فنکارہ اور ہمارا سرمایہ ہیں، ان کے ساتھ اس طرح کا گھناونا واقعہ پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے۔
اس واقعے سے خیبرپختونخوا کی مثالی حکومت کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے مظلوم فنکارہ کی مدد تو درکنار کسی کو واقعہ کی مذمت کی بھی توفیق تک نہ ہوئی لیکن وفاقی حکومت زرسانگہ کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیر مملکت نے وزارت اطلاعات کے متعلقہ حکام کو زرسانگہ سے فوری رابطے اور ہر طرح کے تعاون کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔