• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کافارن کرنسی اکائونٹس سے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنےپرغور

اسلام آباد ( مہتاب حیدر) حکومت فارن کرنسی اکائونٹس سے رقم نکلوانے پر 0.4فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ سمری تیار کرکے فارن کرنسی اکائونٹس پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کیلئے بھجوائی جائیگی۔ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی ہے کہ ملک میں فارن کرنسی اکائونٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی جلد فارن کرنسی اکائونٹس کو ود ہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ دینےکیلئے سمری پرغورکرےگی۔ حکومت نے نان فائلرز کو سزا دینے کیلئے ایک روز میں 50 ہزار سے زائد رقم نکلوانے پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائدکیا تھا۔

یہ ایڈجسٹ ہونے والا ٹیکس ہےاورفائلرز ٹیکس گوشوارے جمع کراتے وقت اسے ایف بی آر سے کلیم کر سکتے ہیں تاہم بنیادی طور پر اس کا مقصد نان فائلرز کو ملک میں انکےلئے کاروباری لاگت بڑھاکر سزا دینا ہے۔ حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھا کر 0.6 فیصد کر دیا تھا لیکن سٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کے بعد اس کی شرح کم کرکے 0.4 فیصد کر دی گئی تھی ۔ حال ہی میں حکومتی حلقوں کے علم میں یہ بات آئی کہ فارن اکائونٹ ہولڈرز کی 0.4 فیصد ہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے حوصلہ شکنی ہوئی جس پر حکومت نے اس ٹیکس کو ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا اور اس حوالے سے باقاعدہ اقدامات جلد کئے جائینگے۔30 جون 2017ء کو ختم ہونے والے گزشتہ مالی سال کیلئے پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھ کر تقریباً 12 ارب ڈالر ہو گیا تھا اور حکومت ملک میں فارن کرنسی اکائونٹس کی حوصلہ شکنی روکنےکےطریقے اور راستے تلاش کر رہی تھی۔ بینک ٹرانز کشنزپر ایڈوانس ٹیکس سے متعلق انکم ٹیکس آرڈنینس 2001ء سیکشن 231AA ،سب سیکشن (1) کے تحت ہر بینکنگ کمپنی ، نان بینکنگ مالیاتی ادارہ ، ایکسچینج کمپنی ، فارن ایکسچینج یاکوئی با اختیار ڈیلر ڈیمانڈ ڈرافٹ ، پے آرڈر ، سی ڈی آر،ایس ٹی ڈی آر،ایس ڈی آر ، آر ٹی سی یابیررکی نوعیت کےکسی دیگر انسٹرومنٹ یا ان انسٹرومنٹس میں سے کسی کی منسوخی پر کیش کی رسیدپرکیش کےعوض  سیل کے وقت ایڈوانس ٹیکس وصول کریگا۔سب سیکشن (2) کے تحت پر بینکنگ کمیٹی ، نان بینکنگ مالیاتی ادارہ ، ایکسچنیج کمپنی یا فارن ایکسچنیج کا کوئی با اختیار ڈیلر کیش کے عوض کسی رقم کی آن لائن ٹرانسفر،ٹیلی گرافک ٹرانسفر ، میل ٹرانسفر یا الیکٹرانک ٹرانسفر کے کسی دوسرے طریقے سے رقوم کی منتقلی کرتےہوئےایڈوانس ٹیکس وصول کریگا۔

سب سیکشن (3) کے مطابق اس سیکشن کے تحت اگر ٹرانزکشز کیلئے مجموعی رقم سب سیکشن ایک یا دو کے تحت ایک روزمیں 50 ہزار روپے سے زائدہوتو ایڈوانس ٹیکس گوشوارےجمع کرانےوالوں  سے 0.3 فیصد اور نان فائلرز سے 0.6 فیصد کے حساب سےلیا جائیگا۔ ای سی سی کی منظوری سے یہ شرح گھٹاکر 0.4 فیصد کر دی گئی تھی۔ اب فارن اکائونٹس ہولڈرز کو ود ہولڈنگ ٹیکس کی ادائیگی سے استثنیٰ دینے کی تجویز پر غور ہورہاہے۔ابھی حکومتی حلقوں کی جانب سے سمری تیار نہیں کی گئی لیکن اس حوالےسےاعلیٰ ترین سطح پرسر گرمی سے غو رہو رہا ہے۔

تازہ ترین