• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولش سینیٹ نے بھی عدالتی اصلاحات کی منظوری دیدی،یورپی یونین ناراض

وارسا(نیوزڈیسک)پولینڈ کے ایوانِ بالا سینیٹ نے متنازع دستوری اصلاحات کی منظوری دے دی اور اب ان اصلاحات کے منظور شدہ بل پر ملکی صدر کی توثیق ہونا باقی ہےتاہم ان اصلاحات پر یورپی یونین نے ناراضی ظاہر کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹْسک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولینڈ کے لیے درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

ٹْسک کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب پولش ایوانِ بالا نے متنازع عدالتی اصلاحات کے دستوری بِل کی طویل بحث و مباحثے کے بعد منظوری دی ہے۔ان دستوری اصلاحات پر پولینڈ کی موجودہ قدامت پسند حکومت کو اندرونِ ملک بھی خاصی تنقید کا سامنا ہے۔ اس قانونی بل کی مخالفت میں ہزاروں پولش مظاہرین نے دارالحکومت وارسا میں نکالے گئے احتجاج میں شرکت کی۔

ہزارہا افراد نے اس حکومتی اقدام کے خلاف بڑے مظاہرے کئے۔ یہ افراد ’’آزاد عدلیہ‘‘ کے نعروں کے ساتھ موم بتیاں جلا کر پرامن انداز سے احتجاج کر رہے تھے۔یورپی یونین نے بھی وارسا حکومت کو تنبیہ کر رکھی ہے کہ متنازع دستوری اصلاحات کی منظوری پر اْسے تادیبی اقدامات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یونین کی جانب سے پولینڈ کو متنبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی کو محدود نہ کرے۔ تادیبی اقدامات میں پولینڈ کو ووٹ کے استعمال سے محروم کر دیا جائے گا اور وارسا حکومت، یورپی یونین کے کانفرنسوں میں ہونے والی رائے شماری میں شریک نہیں ہو سکے گی۔

منظور شدہ قانونی بل کی توثیق پولش صدر آندرڑ ڈْوڈا نے کرنی ہے اور اْس کے بعد یہ نافذ کر دی جائیں گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ مظاہرین کے احتجاج کے باوجود صدر اس بل کی توثیق کر دیں گے۔ وہ قدامت پسند حکومت کے حامی ہیں۔ ماضی میں بھی وہ کئی متنازع دستوری بلوں کی توثیق کر چکے ہیں۔ ناقدین کا خیال ہے کہ ان اصلاحات کے نفاذ کے بعد پولستانی عدالتی نظام بھی قدامت پسند حکومت کی منشا و مرضی کا محتاج ہو کر رہ جائے گا۔

تازہ ترین