کوپن ہیگن(پ ر) منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی ذیلی تنظیمات منہاج وویمن لیگ اور منہاج سسٹرز لیگ نے مشترکہ طور فیسٹیول کا انعقاد کیا۔ میلے میں روایتی پاکستانی کھانوں کے سٹال لگائے گئے، جہاں سموسے، چناچارٹ، دہی بھلے، پکوڑے ، کیک، کباب، حلیم اور فالودہ سمیت انواع اقسام کے پاکستانی کھانے دستیاب تھے،ایک طرف مہندی لگائی جارہی تھی تو دوسری طرف بچوں کی تفریح گاہ میں بھرپور رونق تھی۔منہاج میڈیکل کونسل ڈنمارک نے اس موقع پر اپنا کیمپ لگایا تھا جہاں شوگرا ور بلڈ پریشر کے مفت ٹیسٹ کیے جاتے رہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے سکوٹر جیتنے کا موقع بھی تھا پورا دن روایتی پاکستانی میوزک بجتا رہا،مشہور آرٹسٹ عامر مطلوب کے نمک سے بنائے گئے علامہ اقبال، قائداعظم اور مینار پاکستان کے فن پارے بہت پسند کیے گئے ،ترک سنگرز کے ایک گروپ نے بھی اپنے فن کا مظاہر کیا ۔
چاروں صوبوں کے ثقافتی لباس میں ملبو س منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے بچے وقتا فوقتا ملی نغموں پہ خوبصورت ٹیبلو پیش کرتے رہے۔ ڈینش لوگوں نے اس کاوش کو بہت پسند کیا اور مزید ایسے میلوں کے انعقاد کی ضرورت پہ زوردیا۔ اس موقع پر مقامی کاروباری لوگوں نے بھی اپنے سٹال لگارکھے تھے جن میں مشہور نام، کبابش، پنجابی ڈھابہ وغیرہ بھی شامل تھے۔