اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس کا فیصلہ ملکی آئین و قانون کے مطابق ہی ہو گا اور ہمیں امید ہے کہ ایسا فیصلہ نہیں آسکتا جس میں یہ کہا جائے کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں کیونکہ وزیراعظم پر تو کوئی کیس ہی نہیں۔وزیراعظم نواز شریف کا پاناما لیکس سے کوئی تعلق نہیں،جے آئی ٹی رپورٹ میں کہیں بھی کرپشن یا منی لانڈرنگ کا کوئی ذکر تک نہیں کیا گیا،ہماری حکومت کے منصوبوں میں سے کسی ایک پر بھی کرپشن کا کوئی الزام تک نہیں لگایا گیا،وزیراعظم نے 1972ء سے لیکر 2017ء تک اپنی تین نسلوں کا حساب دیا، لیکن تین نسلوں کا حساب مانگنے والے اپنے 4سالوں کا حساب بھی نہیں دے سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان منفی سیاست کر رہے ہیں جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ماضی میں انتخابی دھاندلی کا رونا رونے والے اب پاناما لیکس کو سیاسی بیساکھی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔قبل ازیں وزیر مملکت نےبلوچستان کے سینئر صحافیوں و کالم نگاروں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی کے لئے لازمی سمجھتے ہیں، بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک علاقائی ترقی کا میگا منصوبہ ہے، سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں کے لئے پیشہ وارانہ سہولیات کی فراہمی میں ہرممکن تعاون کریں گے،بلوچستان کے عوام محب وطن اور جفاکش ہیں،وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔