وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کے فیصلے سے حیرانی نہیں ہوئی ، افسوس ہوا ۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اس فیصلے کی تفصیلات کو دیکھے گی اور آئینی اور قانونی ماہرین سے مشورہ کرکے لائحہ عمل ترتیب دے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ سب سے بڑی جماعت ہے، سب سے زیادہ ن لیگ کے کارکن ہیں،وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ایک لفظ بھی فیصلے میں درج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بظاہر ہم ہار گئے ہیں لیکن جب نواز شریف کو منظر عام سے ہٹایا گیا، عوام نے پہلے سے زیادہ ووٹ دئیے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کوئی بھی ہو پاکستان کے دلوں کے وزیراعظم نواز شریف ہیں۔نواز شریف تیسرے منتخب وزیراعظم ہیں، نواز شریف ایک حقیقت اور تاریخ ہیں جن کو کسی طرح بھی عوام کی خدمت سے نہیں روکا جاسکتا۔