تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میری نگاہ شریف برادران کو جاتا اور عمران خان کو آتا دیکھ رہی ہے،اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ہمیں یہ دن دیکھنے کو ملا ہے۔
اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مٹھائی کھانے سے ہمارا ہاضمہ خراب ہوسکتا ہے لیکن ن لیگوں کا بہت اچھا ہے قوم کے اربوں روپے کھا گئے ہیں،سعد رفیق سن لے دن کا رات سے کوئی مقابلہ نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم سڑکوں سے نکل کر پاکستان کی بڑی عدالت میں چلے گئے ،اس وقت قانونی ماہرین کہتے تھے کہ عدالت نہ جانا کچھ حاصل نہیں ہوگا ،میں ایمانداری سے کام کرنے پر جے آئی ٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ن لیگیوں نے جے آئی ٹی ارکان کو دھمکیاں دی ،عمران خان نے انہیں خوش آمدید کہا ،یہ فتح قانون کی حکمرانی ہے،پی ٹی آئی کارکنوں نے استقامت دکھائی ہے،وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اپنی منی ٹریل عدالت کے سامنے رکھ دی ،ہمارا دامن صاف ہے ہم سرخرو ہوں گے ، پاکستانی غربت میں جکڑا ملک نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ پاکستان کے عوام کرپشن سے تھک چکے ہیں،وہ نالاں ہیں،وہ عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان بنائیں گے ۔