کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہلا رضا الیون نے نصرت حنیف الیون کو 2-3سے ہراکر کے ایچ اے خواتین ہاکی لیگ جیت لی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فوزیہ نے 3 گول کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بنائی، انشرہ اور مومل نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ نصرت حنیف کی جانب سے ماہین سکینہ نے دو گول اسکور کئے۔
فوزیہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تہمینہ 13 گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی جبکہ بہترین گول کیپر شازمہ رہیں۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اے او کلینک کی جانب سے فاتح ٹیم کو 20 ہزار روپے اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایشین انٹرنیشنل ہیئر ٹرانسپلانٹ کے سی ای او حنیف سعید کی جانب سے15 ہزار روپے اور ٹرافی دی اس کے علاوہ اراکین ٹورنامنٹ کمیٹی میں تحائف تقسیم کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی خصوصی ہدایات ہیں کہ ملک بھر میں فائیو اے سائیڈ ہاکی کے فروغ کے لئے ملک بھر میں ٹورنامٹ منعقد کروائے جائیں جس کی ابتدا کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پر ویمنز فائیو اے سائیڈ ہاکی لیگ منعقد کر کے کردی ہے۔