ملتان( سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری نے ایلیٹ فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پولیس میں ایلیٹ فورس کا شمار ہماری بہترین پولیس میں ہوتا ہے ان جوانوں کی وجہ سے پولیس کا مورال بلند ہے، ایلیٹ فورس کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے ہم دن رات کوشاں ہیں،یہ وہ فورس ہے جس نے اپنی پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوایا ہے ،ایلیٹ فورس ضلعی پولیس کا ہراول دستہ ہے، ان کے کردار کی بلندی ، فرض شناسی اور مقصد حیات سے لگن انمول ہے۔انہوں نے ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ پانچ بنیادی اقدار /کور ویلیوز پر عمل کر کے بہترین پولیس آفیسر بن سکتے ہیں ۔آپ میں عوام الناس کی خدمت کا جذبہ ہونا چاہیے ۔عوام دوست پالیسی اپنائی جائے، امیر غریب میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے ،ایک پولیس آفسیر کو پیشہ وارانہ امور میں ماہر ہونا چاہیے اور سب سے آخر میں ایمانداری ،کرپشن سے پاک ہماری بنیادی اقدار ہیں ،اس موقع پر اے ایس پی ڈاکٹر رضا تنویر بھی موجود تھے۔