لاہور(خبرنگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہا ئیکو ر ٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ سے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن ساہیوال، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لودھراں اور تحصیل بار ایسو سی ایشن کہروڑ پکا کے وفود نے ملاقات کی ۔ملاقات کرنے والوں میں ساہیوال بار کے صدر چودھری محمد انور، لودھراں بار کے صدر محمد بلال مسعود اور کہروڑ پکا بار کے صدر مقبول احمد اور بارایسوسی ایشنوں کے دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سید خورشید انور رضوی اور پرنسپل سٹاف آفیسر ٹو چیف جسٹس شاہد شفیع کے علاوہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل سید عظمت بخاری، صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چودھری ذوالفقارعلی اور صدر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن بہاولپور بنچ نوازش پیرزادہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساہیوال بار کے وفد نے فاضل چیف جسٹس سے کہا کہ ساہیوال کے مقدمات کو لاہور ٹرانسفر کرکے ہمیں لاہورپرنسپل سیٹ کے منسلک کیا جائے تاکہ ساہیوال کے وکلاءاور سائلین کو آسانی ہو جبکہ ہائی کورٹ بار بہاولپور بنچ کے صدر نوازش پیرزادہ ، لودھراں بارر اور کہروڑ پکا بار کے وفود کا کہنا تھا کہ لودھراں سے بہاولپور بنچ کا فاصلہ 10کلو میٹر جبکہ ملتان بنچ کا فاصلہ100کلو میٹر ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے مقدمات کےلئے ملتان جانا پڑتا ہے جس سے وکلاءاور سائلین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اس لئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ لودھراں اور کہروڑپکا کے مقدمات کو بہاولپور بنچ ٹرانسفر کرتے ہوئے انہیں بہاولپورکے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔فاضل چیف جسٹس نے مذکورہ بارز کے وفود کے تمام مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل سید عظمت بخاری، صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن چودھری ذوالفقارعلی نے بھی ساہیوال کو لاہور کے ساتھ منسلک کرنے کے مطالبے کی بھرپور تائید کی۔ بعد ازاں ساہیوال بار، لودھراں بار اور کہروڑ پکار بار کے عہدیداروں اور نوازش پیرزادہ نے میڈیانمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھی اپنے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان بار کونسل اورپنجاب بار کونسل ہمارے مطالبات کو سپورٹ کرتی ہیں اور دونوں بار ایسوسی ایشنوں کے متذکرہ بالا مطالبات کے حوالے سے متفقہ قراردادیں بھی موجود ہیں ۔