لندن ( آن لائن ) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نا اہلی پر بھارت کو بہت زیادہ تکلیف ہے کیونکہ جس طرح مودی پاکستان کے خلاف لگا رہتا ہے، نواز شریف اس کو برداشت کرتا رہتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔ ایک بھارتی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کے دوران سابق صدر پرویز مشرف نے بھارتی اینکر کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر منہ توڑ جواب دیا اور اس کی بولتی بند کردی۔
انہوں نے کارگل کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں کہا کہ کارگل میں ہم نے بھارت کو گردن سے پکڑ لیاتھا جبکہ پانچ جگہ سے پاک فوج اندر داخل ہوچکی تھی، جس کے بعد بھارت اقوام متحدہ کے پاس گیا اور منتیں کیں کہ پاکستان کو واپس بھجوادو۔پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ بھارت کو سی پیک کی سب سے زیادہ تکلیف ہے اور پوری کوشش کر رہا ہے کہ یہ بند ہوجائے لیکن یہ بند نہیں ہوگا، چین کے سپر پاور ہونے پر بھی بھارت کو بہت تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے اور ہمیشہ رہے گا اور بھارت کو اس کی تکلیف رہے گی ،جو رہنی چاہیے۔