کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلئے ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی صادق و امین نہیں ہیں، بدھ کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے حارث امین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے اپنی آبزرویشن میں قرار دیا کہ درخواست گزار مذکورہ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں اور تیاری کے ساتھ عدالت آئیں، عدالت نے سماعت 10اگست تک ملتوی کر دی ہے۔قبل ازیں درخواست گزار نے وفاقی وزرات قانون، وزارت پارلیمانی امور، الیکشن کمیشن آف پاکستان، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے و دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیا رکیا کہ شاہد خاقان عباسی آئین کے آرٹیکل 62,63پر پورا نہیں اترتے اور صادق و امین نہیں ہیں کیونکہ شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر پیٹرولیم ایل این جی معاہدوں میں کرپشن کی شیخ عمران کو غیرقانونی طور ایم ڈی پی ایس او مقرر کیا جس پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری تھیں کہ سیاسی مداخلت پر تحقیقات روکی گئیں، لہذا استدعا ہے کہ عدالت قرار دے کہ شاہد خاقان عباسی صادق و امین نہیں رہے اور مدعاعلیہان کو ہدایت دی جائے کہ وہ شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور نہ کریں اور نیب کو تحقیقات جلدمکمل کرنے اور عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی جائے۔