کلر سیداں( نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو وزرارت عظمیٰ کے عہدے سے الگ کیا جاسکتا ہے مگر ان سے قوم کی قیادت اور لیڈری کوئی نہیں چھین سکتا‘مسلم لیگ (ن) کو ملک بھر میں مضبوط کریں گے اور نواز شریف کی قیادت میں ہی مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو گی‘اس ملک میں حکومتوں کو جو اندرونی بیماری کھا جاتی ہے وہ خوشامد کا کلچر ہے،میں خوشامد نہیں کر سکتا ،اپنے لیڈر کے سامنے سچ بات کرتا ہوں کسی کو اچھی لگے نہ لگے مگر میں سچ بات کرتا رہونگا‘سیاست میں عزت نہیں‘آئندہ چندروزمیں بتاؤں گاکہ میں نے کابینہ میں شمولیت کیوں نہیں کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شام روات کے مقام پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔چوہدری نثارنے کہا کہ ہم سب نے تدبیر سے اس ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے، میں آئندہ چند دنوں میں و ضاحت کرونگا کہ میں نے کابینہ میں شمولیت کیوں نہ کی‘ عزت عہدوں سے نہیں کردار سے ملتی ہے،میں خوش قسمت انسان ہوں جس کو چاہنے والے کثیر تعداد میں موجود ہیں،میں نے ہمیشہ حق و صداقت کا علم بلند کیا،مشکل ترین وقت میں بھی میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا رہا‘ آج ملک کو بہت سے خطرات کا سامنا ہے مگر ہم اپنے جھگڑوں میں پڑے ہوئے ہیں ،ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں اور ہمیں ملک کو لاحق اندرونی و بیرونی خطرات کی کوئی پرواہ نہیں۔