پیٹربرا(خالد محمود جونوی)سابق وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف نے کونسلر اظہراقبال بڑالوی کی جانب سے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ن لیگ اور تحریک انصاف کی سیاست کی جھلکیاں دیکھ لیں ہیں اس قسم کی سیاست کا ہمارا خطہ روادار نہیں ہو سکتا۔ بھٹو کو پھانسی اور بے نظیربھٹو کو جب دن دیہاڑے شہید کر دیا گیا تو کارکنوں کے درمیان اضطرابی کیفیت کا پیدا ہونا فطری عمل تھا لیکن اعلیٰ سے ادنیٰ کسی کارکن نے پاکستان اور اس کی سالمیت کے خلاف بات نہیں کی۔
بھٹو پاکستانی کو جمہوریت کا قلعہ بنانا چاہتے تھےمگر وہ سامراجی قوتوں کی سازشوں کا شکار ہوگئے۔ آج دوسری جماعتوں کی کارکردگی اور انداز سیاست دیکھ کر عوام نے اپنی امیدیں ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی سے باندھ لی ہیں۔ ہم نے نظام بچانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں مگر نواز شریف اور ان کے نادان مشیران کے لئے ہمیشہ درد سر بنے رہے ہیں ۔ اقتدار سے بیدخل کرنے کے باوجود نواز شریف حالات کا نوشتہ دیوار پڑھنے سے قاصر ہیں۔ ضرورت اس امر کی تھی کہ تمام جمہوری جماعتیں نظام بچانے کے لئے متحد ہو جاتی مگر اس میں سب سے بڑی رکاوٹ خود میاں نواز شریف ہیں۔
چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کےپچیس سال تک چیف آرگنائزر رہے ہیں۔ اتنی بڑی ذمہ داری کو نبھانے میں جہاں پارٹی قیادت کا مجھ پر اعتماد رہا وہاں پارٹی کے کارکنوں کے تعاون و مدد کے بغیر کچھ ممکن نہ تھا۔ ہم دعوے تو نہیں کرتے لیکن آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ خود اس کی گواہی دے گی کہ ہماری حکومت کی کارکردگی دیگر حکومت کے مقابلے میں بہت بہتر رہی۔ اگر قدرت نے موقع دیا تو پارٹی ایک مرتبہ اپنے ادھورے ایجنڈے کی تکمیل پھر سے مکمل کرے گی جہاں سے تعمیر و ترقی کا سلسلہ ٹوٹاتھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ میں نئی تنظیم سازی کے دوران پارٹی نظریئے سے مخلص کارکنوں کو ہمیشہ اولیت دی جائے گی۔
راجہ فاروق حیدر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس قسم کی باتیں کرنے میں پہلے ہی کافی بدنام ہیں۔ تقریب کے میزبان کونسلر اظہر اقبال بڑالوی نے خیرمقدمی کلمات اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چوہدری پرویز اشرف کی سیاسی بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک اعلیٰ ظرف کا سیاسی رہنما قرار دیا۔تقریب سے چوہدری عبدالمقدس، چوہدری محمد مقبول، سابق کونسلر محمود فضل، محمد جاوید طاہر ایڈووکیٹ، محمد بشیر کے علاوہ ٹوری پارٹی کے ڈپٹی لیڈر کونسلر واہین نے بھی خطاب کیا پروگرام کا آغاز چوہدری مظہر اقبال کی تلاوت سے ہوا جبکہ نظامت چوہدری ارشد محمود نے کی۔