اسلام آباد (طاہر خلیل) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ایوان کی کارروائی سرکاری ٹیلی ویژن کے ذریعے نشر کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی گئی تھی کہ ایوان کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کی اجازت دی جائے۔ اسپیکر نے اس پر احکامات جاری کردیئے۔ اپوزیشن پارٹیاں ایک عرصے سے مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ ایوان کی کارروائی نشر کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ سرکاری ٹی وی صرف حکومتی عہدیداروں کی کوریج کرتا ہے اور اپوزیشن پارٹیوں کو سرکاری ٹی وی پر نمائندگی نہیں ملتی۔ سپیکر نے اس معاملے پر حکومت سے رائے طلب کی تھی۔ اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے سپیکر کو آگاہ کیا کہ حکومت کو ایوان کی کارروائی براہ راست نشر کرنے پر اعتراض نہیں‘ براہ راست کارروائی نشر ہونے کے بعد نجی چینلز اپنی پسند کے مطابق سرکاری ٹی وی سے ایوان کی متعلقہ کارروائی کور کرسکیں گے۔