راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے)چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و مئیر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے 70سالہ جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جشن آزادی کیلئے صفائی پلان ترتیب دیا ہے،جس کے تحت شہر بھر میں خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہےجبکہ عید الاضحی کیلئے صفائی پلان حتمی مراحل میں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا،اجلاس میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اور بتایا گیا کہ جشن آزادی کے موقع پرراولپنڈی شہر ،تحصیلوں میں خصوصی صفائی مہم کے تحت ورکرز کی اضافی تعداد تعینات کرکے بھرپور صفائی یقینی بنائی جارہی ہے،تعلیمی اداروں ،بازاروں اور جہاں جہاں جشن آزادی کی تقریبات ہونگی، وہاں بھرپور صفائی کی جائیگی۔