کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کے معاملات کی مانیٹرنگ کے لئے حکومتی سطح پر کمیٹی قائم کی جائے اس کے بغیر ملکی ہاکی میں بہتری اور مطلوبہ نتائج نہیں مل سکتے ہیں، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ رسائی رائونڈ کے بارے میں رپورٹ کا پہلا حصہ پی ایچ ایف کو بھیج دیا تھا جس میں ٹیم کے میچز اورکھلاڑیوں کی کار کردگی کے بارے میں تفصیل شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے دوسرے حصے میں تجاویز ہیں جو اس سے قبل بھی پی ایچ ایف کو دی جاچکی ہیں جس کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے، ہماری اس رپورٹ کو بھی اسی کی نذر کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے ، کوئی فیصلہ دکھائی نہیں دیتا، بندر بانٹ لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان ہاکی کی سمت درست نہیں ہوپا رہی ہے اور مستقبل میں بھی اس میںبہتری کے آثار دکھائی نہیں دیتے ہیں، انہوں نے کہ ہماری رپورٹ کے بعد بھی فیصلے پی ایچ ایف اپنی مرضی سے کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ کوچ اور ٹیم آفیشلز کو شکست کا ذمے دار قرار دے کر فارغ کردیا جاتا ہے مگر ان کی تقرری کی مدت انہیں نہیں بتائی جاتی ہے جس سے خرابیاں جنم لے رہی ہیں۔