وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 70سال میں کوئی بھی وزیراعظم آئینی مدت پوری نہیں کرسکا،کیوں اسمبلیاں باربارتحلیل کردی جاتی ہیں،پارلیمنٹ ملک کا سب سے زیادہ خود مختار ادارہ ہوتا ہےاس لیے تمام آئینی اداروں کو پارلیمان کی عزت کرنا ہوگی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں ایسا کیوں ہے کہ اسمبلیاں بار بار تحلیل کردی جاتی ہیں،جمہوریت کے تسلسل کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان میں عوام کی مرضی کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے، عدم تحفظ کے باعث عوام بے یقینی کی صورتحال کا شکار رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کو پڑھے بغیر حقوق اور فرائض سے آگاہی نہیں ہوسکتی جب کہ آئین سے دوری کی صورت میں عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں ہوسکتا۔ہمیں بچوں کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے روشناس کرانا ہوگا ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے عملی کام کیا، سی پیک کے ثمرات نئی نسل کو ملیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار برس میں دہشت گردی کے واقعات میں 92 فیصد کمی ہوئی، اس دوران ملک میں بدعنوانی میں نمایاں کمی ہوئی جب کہ نوازشریف کے دور میں ان پر کوئی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی۔