وزیراعظم شاہدخاقان عباسی آج کراچی ایکسپو سینٹر میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی 3 روزہ فورتھ" انٹرنیشنل ایکسپو 2017 " کا افتتاح کریں گے۔
نمائش کے افتتاح میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی ہوں گے، جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ سمیت بڑی تعداد میں بلڈرز اور ڈیولپرز اور دیگر افراد شرکت کریں گے۔
اس میگا ایونٹ میں مقامی اور 23 ممالک کی 155 کمپنیاں ہزاروں تعمیراتی مصنوعات،ٹیکنالوجیزاور جدید کنسٹرکشن مشینریزپیش کریں گی جن میں کنسٹرکشن ٹولز،میٹل،اسٹیل،کنکریٹ،سیمنٹ،کنسٹرکشن مشینریزو ایکوپمنٹس،بلڈنگ انفارمیشن اینڈ ماڈلنگ،اسمارٹ بلڈنگ اینڈ آٹومیشن،کچن،باتھ رومز،فلورنگ ،سیلنگ،لائٹنگ اور دیگر شامل ہیں۔
میگا ایونٹ میں 5 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے آرکیٹیکٹس،سول انجینئرز، ڈیزائنرز، ڈیولپرز، بلڈرز، کنٹریکٹرز، پراپرٹی منیجرز اور تعمیراتی ایسوسی ایشنوں کے نامور ممبران شامل ہیں۔
آباد ایکسپو کے دوران 13 اگست کو ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا ۔آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد سے نہ صرف بیرونی سرمایہ پاکستان آئے گا بلکہ پاکستان بالخصوص کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو ترقی بھی ملے گی۔