اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے نوا زشریف کی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے معاملے پر چیئرمین پیمرا کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور کرتے ہوئے ابصار عالم کے نام ایک خط ارسال کیا ہے۔ یہ خط رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی طرف سے لکھا گیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق مراد سعید نے ابصار عالم سے اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم نہ روکنے پر سات روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے خط میں چیئرمین پیمرا سے استفسار کیا ہے کہ نواز شریف نے راولپنڈی میں اپنے پہلے خطاب میں فوج اور عدلیہ کے خلاف نفرت اور اشتعال سے بھر پور خیالات کا اظہار کیا۔ کمیٹی چوک سے داتا دربار چوک تک نواز شریف کی ہر تقریر اداروں کے خلاف زہر افشانی اور نفرت انگیز تھی۔ آئین پاکستان اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی کو اداروں کی تضحیک کی اجازت نہیں ہے۔ پیمرا نے عدالت کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دیئے گئے شخص کو ریاستی اداروں پر حملہ آور ہونے کی اجازت کیسے دی۔
مراد سعید نے استفسار کیا کہ پیمرا نے نواز شریف کی جانب سے ریاست کو عدم استحکام اور داخلی انتشار کا شکار کرنے کی کوششوں کا راستہ کیوں نہیں روکا۔ چیئرمین پیمرا نے خاموش تماشائی بن کر اداروں کے خلاف مہم جوئی میں نواز شریف کا ساتھ دیا۔ ابصار عالم کو کیوں نہ آئین پاکستان سے انحراف اور سنگین غداری کے جرم میں معاونت کار کے طور پر سزا دی جائے۔ سات روز میں جواب نہ ملا تو ابصار عالم کو منصب سے ہٹانے کیلئے قانونی چارہ جوئی کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔