اسلام آباد(صالح ظافر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے کاروباری برادری کو ہرممکن سہولتوں کی فراہمی کیلئے اہم اصلاحاتی پالیسی متعارف کرائی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمائے کی آزادنہ نقل وحرکت کیلئے خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر سے متعلق قانون تشکیل دیدیا گیا ہے ۔
یہ بات وزیراعظم شاہد خاقان نے وزیراعظم ہائوس میں ملنے کیلئے آنے والے پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئی کہی جس کی قیادت نائب چیئرمین توفیق چنائے کررہے تھے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےوفد کو بتایا کہ حکومت نے خاص کر کراچی میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر بنائی ہے تاکہ کاروباری برادری پرامن ماحول میں تجارتی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
دریں اثناء وزیراعظم نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نےخواہش ظاہر کی کہ سی ڈی اے شہری علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے کام کرے۔ وزیر اعظم سے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان عباسی ، وزیرمملکت برائے سیفران عبدالقادر بلوچ اور مسلم لیگ ن کے رہنما عمر ایوب خان نے بھی ملاقاتیں کیں۔