• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستر سال گزرنے کے باوجود بانیان پاکستان کے خواب ادھورے ہیں

ناٹنگھم (نمائندہ جنگ) سٹی کالج ناٹنگھم کے پرنسپل و ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق کیبنٹ ممبر آف ناٹنگھم سید حسن بخاری نے کہا ہےکہ وطن عزیز کے70سال مکمل ہونے کے باوجود بانیان پاکستان کے خواب ادھورے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ اقبال کے خوابوں کے برعکس70 سال گزر جانے کے باوجود بھی پاکستان میں غربت، افلاس، سیاسی بے چینی اور عدم استحکام ہے۔

سیاسی قیادت قائداعظم سمیت دیگر بانیان پاکستان کےمقاصد اور سوچ کو عملی جامہ نہیں پہنا سکی ہے۔ برطانیہ سمیت پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز میں سیاسی و معاشی استحکام کے خواہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین آف کشمیری و پاکستانی آرگنائزیشن نوٹنگھم کے زیر اہتمام جشن آزادی کے موقع پر کشمیر کانفرنس سنٹر ناٹنگھم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں ناٹنگھم اور گرد و نواح سے بچوں و خواتین سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بچوں اور خواتین نے پاکستانی پرچم، جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا کر وطن عزیز کے جشن آزادی کو چار چاند لگا دیئے۔ شرکاء کی بڑی تعداد نے سفید اور سبز رنگ کے ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے۔ تقریب کے تین حصے تھے۔ پہلے حصے میں پرچم کشائی کی گئی، سید حسن بخاری نے براسٹوک بارو کونسل کی میڈم میئرس حلیمہ گلزار خالد اور مختلف اہم شخصیات کے ہمراہ پاکستانی پرچم بلند کیا۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے تقریب کو گرما دیا۔ دوسری نشست میں ارمان شہزاد کی صدارت میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، نامور شعراء نے اپنے کلام کے ذریعے پاکستان کی آزادی کے جشن کو منایا۔ تقریب کے آخری حصے میں بریڈ فورڈ سے رکن پارلیمنٹ محمد یٰسین خان، کونسلر میک ڈونٹ، UPKO کے چیئرمین راجہ نثار احمد، سیکرٹری جنرل محمد الیاس، چیئرمین کشمیر کمیٹی UPKO راجہ اشفاق، محمد طفیل قادری، پیر سید لخت حسنین شاہ، سابق کونسلر ریاست علی اور دیگر مختلف اہم شخصیات نے خطاب کیا۔ قومی ترانے پر شرکاء نے کھڑے ہو کر وطن عزیز کے آزادی کے جشن کے لئے منعقدہ اس تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

ایم پی محمد یٰسین خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پاکستان کی آزادی کے جشن کو جس دھوم دھام اور شان سے منایا گیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ برطانوی اوورسیز محب الوطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ملٹی کلچرل سوسائٹی میں ہمیں دیگر کمیونٹیز سے مل کر برطانوی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ حلیمہ گلزار نے کہا کہ اس تقریب میں خواتین اور بچوں کی شرکت قابل تعریف ہے، برطانیہ میں رہنے کے باوجود بھی ہمارے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کونسلر میک ڈونٹ نے اپنے خطاب میں برطانوی پاکستانیوں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پہنچاتے ہوئے پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر پیر سید لخت حسنین شاہ، جاوید خان، والسال سے حاجی ذوالفقار، راجہ فضل الرحمٰن، ڈربی سے ریحانہ ضیغم نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس تقریب کے جملہ انتظامات راجہ نثار، راجہ امجد مظہر، میجر (ر) زبیر احمد، سید راشد بخاری، انوار چوہان، قمر حسین، حاجی اورنگزیب، منان شاہ، الطاف حسین، شہزاد احمد، اشتیاق احمد، حاجی ولایت حسین، فیاض راجہ، کونسلر ابراہیم نے کئے تھے۔ اس موقع پر UKPO کی جانب سے نوٹنگھم کی مختلف اہم اور کامیاب شخصیات کو ایوارڈز بھی دیئے گئے۔ آخر میں لائیو میوزک پیش کیا گیا دل دل پاکستان جیسے ملی نغموں پر شرکاء جھوم اٹھے۔

تازہ ترین