• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر 19 ورلڈکپ، کرکٹ کے فیوچر اسٹارز آئندہ برس نیوزی لینڈ میں چمکیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز)  کرکٹ کے فیوچر اسٹارز آئندہ برس نیوزی لینڈ میں چمکیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا۔ 16 ٹیموں پرمشتمل ٹورنامنٹ 13 جنوری 2018 سے 3 فروری تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائیگا ۔ میچز چار مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور میزبان نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔

ایونٹ کے تمام میچز کرائسٹ چرچ، کوئنز ٹان، ٹورنگا اور ونگیرائی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف 13جنوری کو کھیلے گی۔ ایونٹ میں شامل 16ٹیموں کو 4گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور کینیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ بی میں تین مرتبہ چیمپئن بھارت ، آسٹریلیا، زمبابوے اور پاپوانیو گنی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ سی میں انگلینڈ، بنگلہ دیش، کینیڈا اور نمیبیا شامل ہیں۔

انڈر 19ورلڈکپ میں دو مرتبہ ایونٹ اپنے نام کرنے والی پاکستان،سری لنکا، افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیم گروپ ڈی میں شامل ہے۔ انڈر 19ورلڈ کپ کھیلنے والے چار ایسے کپتان ہیں جو اس وقت اپنے ملک کی قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں ان میں پاکستان کے سرفراز احمد، آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ، بھارت کے ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن شامل ہیں۔ میگا ایونٹ میں ہر گروپ میں سب سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر لیگ تک پہنچیں گی جبکہ باقی بچی آٹھ ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے مدمقابل ہوں گی۔

سیمی فائنل میچز ہیگلے اوول پر 29اور 30 ​​جنوری اور فائنل تین فروری کو اوول میں کھیلا جائے گا۔ پلیٹ چیمپئن شپ کا فائنل 28جنوری کو ہوگا۔ 10ٹیسٹ ممالک کو میگا ایونٹ میں براہ راست شرکت کا حق دیا گیا تھا۔ پانچ ممالک نے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ اور نمیبیا نے گذشتہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ میں جگہ بنائی ہے۔ خیال رہے کہ اب تک 11 مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ٹورنامنٹ منعقد کیا جاچکا ہے جس میں آسٹریلیا اور بھارت 3، 3 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر کے سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان بھی اس ایونٹ کو 2 مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

تازہ ترین