وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی سینٹ کام کےکمانڈرجنرل جوزف ایل وٹل نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
شاہد خاقان عباسی سے جنرل جوزف ایل وٹل نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر پاکستان میں امریکا کےسفیر ڈیوڈ ہیل سمیت دیگرسنیئر حکام بھی موجود تھے، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ سمیت دہشت گردی کےخلاف پاکستان کی کوششوں کےامور زیربحث آئے۔
ذرائع کا کہناہے پاکستانی قیادت نےملک بھر اور بالخصوص قبائلی علاقوں میں دہشت گرد گروپوں کے خلاف جاری مختلف آپریشنز بارے آگاہ کیا۔
ذرائع کاکہناہےکہ ملاقات میں پاک بھارت اور پاک افغان سرحدی صورت حال اور پاکستان کی افغان امن کےاستحکام کی کوششوں کےامور بھی زیرغور آئے جبکہ خطے کی مجموعی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف،وزیردفاع خرم دستگیراور مشیر سلامتی جنرل (ر) ناصر جنجوعہ بھی شریک ہوئے.