سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب گنجان آبادی والے علاقے سلیم کالونی میں خراب ہونیوالے ٹرانسفارمرز کو 3دن گزرنے کے باوجود درست نہیں کیا جاسکا۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پریشان حال مکینوں حامد شاہ، رضوان عباسی، خرم شاکر، قدرت اللہ بھیو ودیگر نے بتایا ہے کہ ہمارے علاقے کا ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہوکر اکثر و بیشتر خراب ہوجاتا ہے، جس کی در ستی کے لئے سیپکو اہلکار مبینہ طو ر پر رقم طلب کرتے ہیں، رقم نہ دینے پر ٹرانسفارمر درست نہیں کیا جاتا، 3دن سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے خواتین، بچے اور ضعیف العمر افراد کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ہماری حکام سے اپیل ہے کہ نوٹس لیکر علاقے کا خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر درست کرایا جائے اور کنڈے لگاکر بجلی چوری کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔