• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کیلئے تمام فریقین کو کردار ادا کرنا ہوگا، ذوالفقار احمد

برمنگھم (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی چیئرمین ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عالمی حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کے تمام فریقوں کو اس دیرینہ مسئلے کے حل اور برصغیر میں قیام امن کے لیے 13اگست1948ء کی منظور قرارداد پر عملدرآمد کیا جائے۔ کشمیر کے دونوں اطراف سے فوجوں کے انخلا کے بعد اقوام متحدہ13اگست پر عمل کرتے ہوئے ریفرنڈم کرائے۔ اس لیے ضروری ہے کہ پاکستان سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائے اور اس دیرینہ مسئلہ کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر13اگست کی قرارداد کو تسلیم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر لبریشن کونسل برطانیہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جموں کشمیر لبریشن کونسل کے چیئرمین محمد نجیب افسر کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب سے جے کے پی این پی برطانیہ کے صدر انعام الحق نومی، جے کے پی این پی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین طاہر بوستان ایڈووکیٹ، محاذ رائے شماری کے بزرگ رہنما مرزا صادق، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر محمد فہیم کیانی، کشمیر نیشنل پارٹی برطانیہ کے مرکزی رہنما زبیر انصاری، پی پی پی برطانیہ کے بزرگ رہنما و سابق مشیر حکومت چوہدری منظور گافا، پی پی پی رہنما حاجی محمد بشیر آرائیں، غالب بوستان اور دیگر مختلف جماعتوں کے رہنمائوں، قائدین اور نمائندوں نے خطاب کیا۔ ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام فریقین کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہماری منزل صرف آزادی ہی نہیں ہے، بلکہ خوش حال، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر مضبوط کشمیر چاہتے ہیں۔ جے کے پی این پی برطانیہ کے صدر انعام الحق نومی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے برطانیہ سمیت عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان اور بھارت13اگست کی قرارداد پر عمل کریں۔ جنگ و جدل کی بجائے امن و مذاکرات کا راستہ اپنایا جائے۔ نجیب افسر نے کہا کہ امریکہ کسی بھی کشمیری کو دہشت گرد نہیں کہہ سکتا ہے۔ کشمیری کسی بھی جماعت، گروہ یا نظریے کے پیروکار ہوں، مگر ان کی جدوجہد آزادی اور تشدد کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دینے سے کشمیریوں کی تذلیل ہوئی ہے۔ کشمیری حریت پسند ہیں۔ محمد غالب نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر موثر انداز میں سفارت کاری کرے۔ تمام نظریات اور مکاتب کے کشمیریوں کو ایک ہی ایجنڈے پر کام کرنا ہوگا۔ حق خودارادیت ملنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کشمیری کی چاہتے ہیں۔ صدر محفل مرزا صدیق نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی قومی آزادی اور خودمختاری کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

تازہ ترین