• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ میں پہلی آزادی پریڈ اور میلہ آج ہوگا

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ)بریڈفورڈ کی سرزمین پر تاریخ میں پہلی مرتبہ آزادی پریڈ اور آزادی میلہ آج 20اگست کو ہوگا جس میں ہزاروں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ پروگرام کے مطابق دن کے بارہ بجے رانڈویل سٹریٹ جو بریڈفورڈ کالج کے ساتھ ہے قومی ترانے سے پریڈ کا آغاز ہوگا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے سینٹیزی سکوائر سٹی ہال میں پہنچے گا۔ جہاں کلچرل اور میوزیکل شو کے علاوہ فیشن شو، غزل اور قوالی کے مختلف پروگرام ہوں گے، پاکستان کے یوم آزادی کے اس پروگرام میں جہاں پاکستان کے فنکار اور عوام شرکت کریں گے وہاں برٹش آرمی اور پولیس کے بینڈ بھی ڈسپلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ راک کلائمنک، کھانے کے سٹال، مہندی، فیس پینٹنگ، کپڑوں کے سٹال، ثقافتی ہینڈی کرافٹ، بچوں اور فیملی کے لئے فن فیئر کے علاوہ فائر ورکس بھی ہوں گے۔ توقع ہے کہ اس میلے میں دس ہزار سے زائد پاکستانی اور برطانوی کمیونٹی مل کر جشن منائے گی جس کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ قونصل جنرل احمد امجد علی جنہوں نے ایک سال کے عرصے میں بے شمار کامیاب پروگرام کا انعقاد کرکے پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کیا ہے آج اتوار کو ہونے والے اس پروگرام کو بھی ایک یادگار پروگرام بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ قونصل جنرل احمد امجد علی نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں اپنے نوجوان بچوں اور خواتین کی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ہماری نوجوان نسل میں اپنے کلچر اور ثقافت سے آگاہی کے ساتھ ساتھ وطن سے محبت پیدا کی جاسکے۔

تازہ ترین