• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ میں انتشارنہیں‘پارٹی پہلے سے زیادہ متحد ہے‘راناثناء

لاہور( ایجنسیاں)وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثارکو اختلاف رائے کا حق ہے اوراس کا احترام ہوناچاہئے ‘ مسلم لیگ (ن) میں کوئی انتشار نہیں اور پارٹی پہلے سے زیادہ متحد اور یکسو ہے ، میرے خیال میں چوہدری نثاراب پھر مشاورت کے عمل میں شامل نہیں ،عدالت عظمیٰ کی طرف سے کہا گیا تھاکہ نیب فوت ہو چکا بلکہ دفن ہو گیا لیکن اب مردے نے کیسے برق رفتاری سے کام شروع کردیا اس میں کونسی روح پھونک دی گئی ہے؟۔ اتوارکوایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میرے خیال میں چوہدری نثارکے پانامہ کیس ، جے آئی ٹی کے معاملے پر پارٹی کے اندر بننے والی حکمت عملی کے حوالے سے اعتراضات ہیں ۔

کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ اس معاملے میں ہاتھ باندھ کر کھڑے ہو جائیں اور کچھ کا خیال تھا کہ ہمیں جے آئی ٹی کی تشکیل اوردیگر معاملات پر قوانین کے مطابق اعتراضاات اٹھانے چاہئیں ۔ یہ ہو سکتا ہے کہ چوہدری نثار کا یہ نقطہ نظر ہو کہ اگر ان کی حکمت عملی پر عمل کیا جاتا تو یہ نقصان نہ ہوتا کیونکہ اس کا انہیں بھی نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب نیب کے معاملے پر بھی پارٹی میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں ۔پارٹی میں ایک سوچ ہے کہ عدالت عظمیٰ کہہ چکی ہے کہ نیب فوت ہو گیا بلکہ دفن ہو گیا لیکن آج نیب نے کیسے بر ق رفتاری سے کام شروع کر دیا ،اس میں کونسی روح پھونک دی گئی ہے ۔

جب فیصلہ ہو چکا ہے اور ریفرنس دائر ہوتانظر آرہا ہے اور کیا فیصلہ ہونا ہے توہم سمجھتے ہیں کہ اس میں پیش ہو کر اسے کیوںعزت بخشی جائے اور اس میں پیش نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میری چوہدری نثار سے گزارش ہے کہ ان کا گلہ اور اظہار خیال سر آنکھوں پر لیکن اس کا اظہار بذریعہ پریس کانفرنس کرنے کی بجائے پارٹی کے اندر کیا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا اور یہ ویسے بھی ان کے شایان شان نہیں۔

تازہ ترین