پشاور( گلزار محمد خان ) خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر بھی صوبہ کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار بن گئے ہیں جنہوں نے دعویٰ کیا ہے اب وہ مزید سپیکرشپ نہیں کریں گے بلکہ خیبر پختونخوا کے اگلے وزیر اعلیٰ بنیں گے اور آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم بھی ان ہی کے ہاتھوں ہوگی، وہ نہ صرف انجینئر امیر مقام کے تمام ٹھیکوں کی انکوائری کرائیں گے بلکہ صوبائی حکومت نے چین کیساتھ جو معاہدہ کیا ہےاس میں سب سے پہلے امیر مقام کو چین بھجوائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حجرے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی جاری کی ہے جس میں اسد قیصر کہتےہیں کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دورا ن صوابی کے عوام کیساتھ جتنے بھی وعدے کئے تھے ان سب کو عملی جامہ پہنادیاہے، صوابی میں میڈیکل کالج، یونیورسٹی، وویمن یونیورسٹی، درجنوں کالج اور جدید سپورٹس سٹیڈیم بن چکا ہے، صوابی کے عوام کو بھی احساس ہے کہ چارسالوں میں ترقیاتی کاموں پر اربوں روپے خرچ ہوچکے ہیں اسلئے آئندہ انتخابات میں صوابی سے صوبائی اسمبلی کی چھ اور دو قومی نشستوں پر تحریک انصاف کو کامیابی ملے گی اور وہ( اسد قیصر) صوبہ کے وزیراعلیٰ بنیں گے،تقریر میںاسدقیصر کا کہنا ہے کہ وہ اب مزید سپیکر شپ نہیں کریں گے بلکہ رابطہ عوام مہم شروع کرکے دن رات عوام کیساتھ رہیں گے، وہ پارٹی میں بہت مضبوط پوزیشن پر ہے جس طرح گزشتہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ تقسیم کئے تھے اس مرتبہ بھی انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم ان ہی کے ہاتھوں ہوگی، اسد قیصر نے خطاب میں کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کے تمام ٹھیکوں کی انکوائری کرائیں گے اور انہیں مزید لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے بلکہ خیبر پختونخوا حکومت نے چین کیساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس میں سب سے پہلے وہ امیر مقام کو بھجوائیں گے۔