اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) شہدا فائونڈیشن نے طاہر القادری،چوہدری برادران اور شیخ رشید کیخلاف سانحہ لال مسجد کی وجہ سے کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ شہداء فائونڈیشن کا دعویٰ ہے کہ یہ جماعتیں اور افراد پرویزمشرف کے دست بازو رہے ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آنی چاہیے لیکن اس سے قبل سانحہ لال مسجد کے متعلق تیس ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات کو پبلک کیا جانا چاہیے۔،ترجمان شہداء فائونڈیشن حافظ احتشام احمدکے مطابق ایک مذموم منصوبے کے تحت مخصوص حلقوں کے مہرے سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کا قصاص لینے اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں،اگر مخصوص حلقوں کے مہرے شہدائے ماڈل ٹائون کے خون کا حساب لینے کے لئے سڑکوں پر نکل سکتے ہیں تو یہ حق ہم بھی رکھتے ہیں،آج جو جماعتیں سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کا قصاص لینے کا مطالبہ کررہی ہیں وہ تمام جماعتیں بالخصوص طاہرالقادری،چوہدری برادران اور شیخ رشید لال مسجد و جامعہ حفصہ کے سیکڑوں معصوم و نہتے طلبہ و طالبات کے قتل عام میں پرویزمشرف کے دست باز رہے ہیں،بلاشبہ شہدائے ماڈل ٹائون کے قتل کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔