راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)انجمن پٹواریاں راولپنڈی نے پنجاب بھر میں جاری ہڑتال میں شمولیت کااعلان کر دیا ہے۔اور کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی ۔پٹواریوں کی راولپنڈی تحصیل،ضلع اور ڈویژن میں ہڑتال سے عوام کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔انجمن پٹواریاں کا اجلاس تحصیل دفتر راولپنڈی میں قائم مقام جنرل سیکریٹری پنجاب چوہدری تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں ضلعی صدر محمد شبیر بھٹی،جنرل سیکریٹری خان زیادراجہ، تحصیل صدر حاجی جاوید اختر ملک تحصیل جنرل سیکریٹری چوہدری اعجاز ریاض سمیت دیگرپٹواریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کے تمام نکات کی منظوری تک مکمل ہڑتال رہے گی۔اور کمپیوٹرائزیشن کا بھی مکمل طور پر بائیکاٹ رہے گا۔اجلاس سے جنرل سیکریٹری پنجاب چوہدری تنویر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال چھہ ماہ ہوگئے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ جو پنجاب حکومت،وزیر اعلی شہباز شریف،اور سینیر ممبر بورڈ آف ریونیو کو دیے گئے تھے انکے نکات پر تاحال عمل نہیں ہوا ہے اور اب پٹواری اپنی مطالبات کے لیے ہڑتال پر مجبور ہو گئے ہیں۔اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو بھرپور احتجاجی تحریک بھی چلائی جائے گی۔