سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر اور گرد و نواح میں گرمی کی شدید لہر نے شہریوں کو نڈھال کردیاہے۔ دوپہر کے وقت شاہراہوں و تجارتی مراکز میں ویرانی چھاگئی، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث 5افراد بے ہوش ہوگئے۔ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گرد و نواح کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ دوپہر کے وقت شہر کے اہم ترین تجارتی مراکز منارہ روڈ، ایوب گیٹ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، ورکشاپ روڈ، بندر روڈ، گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، بیراج روڈ ودیگر میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ شدید گرمی کی لہر کو دیکھتے ہوئے شہریوں نے دوپہر کے وقت گھروں پر رہنے کو ترجیح دی اور اپنے کام کاج نمٹانے کے لئے سورج ڈھلنے کا انتظار کرتے رہے۔ بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آئے اور مختلف علاقوں میں واقع ریڑھی بانوں اور دکانوں سے ٹھنڈے مشروبات پی کر گرمی سے بچنے کی کوششیں کرتے رہے۔ ٹریفک کی روانی بھی معمول سے انتہائی کم رہی۔ تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں 5افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ جن میں افتخار، نعیم، نعمان، ناصر، شکیل احمد شامل ہیں، شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں بیرون شہر سفر کرنیوالے ادویات ساز کمپنی کے نمائندوں سمیت دیگر کاروباری حضرات کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔