• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ کےنوجوان نےکوئٹہ کی عالمہ کو بھگا کر شادی کے بعد قتل کر دیا

 کوئٹہ ( نسیم حمید یوسفزئی )رانگ نمبر پردوستی کا انجام ،کوئٹہ کی 18سالہ عالمہ کو سیالکوٹ کے نوجوان نے قتل کر کے لاش ویرانے میںپھینک دی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے گوالمنڈی تھانے کی حدود کی رہائشی نوجوان عالمہ مسماۃ (ج) کو رواں سال جنوری میں رانگ نمبر سےایک کال موصول ہوئی جو سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد بلال کی تھی بعد ازاں یہ کال دونوں کے درمیان دوستی میں تبدیل ہو گئی اور کافی عرصے تک ٹیلیفونک گفتگو ہوتی رہی ، محمد بلال نےلڑکی کو شادی کی پیش کش کی جس پر اس نےنوجوان کو کوئٹہ آنے کا کہا نوجوان رواں سال مارچ میں کوئٹہ آیا اوراسے بھگا کر لے گیا اور سیالکوٹ میں شادی رچا لی۔

لڑکی کے والد نے گوالمنڈی تھانے میں اپنی بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی پولیس نے بھی لڑکی کی تلاش شروع کی بعد ازاں مذکورہ نوجوان نے اپنے والدین اور بھائیوں سے جائیداد اور رقم کا مطالبہ شروع کر دیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں دھمکیاں دینا شروع کر دیں جس پر نوجوان کی والدہ نے سیالکوٹ کےپولیس تھانے میں رپورٹ درج کرائی پولیس نے محمد بلال کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو اس نےکوئٹہ سے لڑکی کو بھگاکر نہ صرف پسند کی شادی کا اعتراف کیا بلکہ بیوی کو قتل کرنیکا بھی انکشاف کیا  سیالکوٹ پولیس نے گوالمنڈی پولیس سے رابطہ کیا، کوئٹہ سے ایک ٹیم نے سیالکوٹ پہنچ کر ملزم سے تفتیش کی تو ملزم نے بتایا کہ اس نے عالمہ کو قتل کرنے کے بعد لاش ویرانے میں پھینک دی تھی اس کی نشاندہی پر پولیس نے لڑکی کی لاش برآمد کر لی جسے گزشتہ روز کوئٹہ پہنچا دیا گیا اور تدفین کر دی گئی جبکہ بلوچستان پولیس کی خصوصی ٹیم نے سیالکوٹ جا کر مذکورہ کیس میں نوجوان کو گرفتار کر کے کوئٹہ پہنچا دیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین