• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی پنجاب نے راولپنڈی کے تین پراجیکٹس سمیت 18 منصوبوں کی منظوری دیدی

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)آئی جی پولیس پنجاب نے راولپنڈی پولیس کے تین پراجیکٹس سمیت پنجاب پولیس کے18ترقیاتی منصوبوںکی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے لئے پنجاب بھرکے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس سینٹرل پولیس آفس لاہورمیں ہواجس کی صدارت انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نوازنے کی۔اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے پولیس کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیاگیا اوربعدازاں مالی سال2017-18کے لئے 18منصوبوں کی منظوری دی گئی ،جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں راولپنڈی پولیس لائن میں پولیس ہسپتال کی تعمیر،پولیس لائن نمبرایک میں سیکیورٹی اقدامات کامنصوبہ اورپولیس سٹیشن پیرودھائی کی تعمیرکے منصوبے شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس ہسپتال کی تعمیرکے لئے بنائے گئے پی سی ون کے تحت اس پرلاگت کاتخمینہ 116ملین،لگایاگیا ہے 48بیڈزپرمشتمل پولیس ہسپتال کامنصوبہ فنڈزکی عدم دستیابی کی وجہ سے دوسال سے التواء کاشکارچلاآرہاہے اس منصوبے کے تحت 24بیڈزگراؤنڈفلوراور24بیڈزفرسٹ فلورپرہوں گے جب کہ چاربیڈپرمشتمل زچہ بچہ وارڈبھی بنائی جائے گی۔ہسپتال میں آپریشن تھیٹر،اوپی ڈی ،میل ،فی میل وارڈز،عملے کے دفاتروغیرہ بھی بنائے جائیں گے۔پولیس لائن سیکیورٹی کے لئے 24ملین روپے کاتخمینہ لگایاگیاہے جسکے تحت پولیس لائن کی باؤنڈی وال اونچی کی جائے گی اوریہاں واچ ٹاورزبنائے جائیں گے جب کہ دیوارپرخاردارتاراورسرچ لائٹس بھی لگائی جائیں گی، اس منصوبے کے تحت پولیس لائن میں کلوزسرکٹ ٹی وی کیمروں کی تنصیب بھی ہوگی۔جب کہ تھانہ پیرودھائی کی تین منزلہ نئی عمارت کی تعمیرکے لئے 118ملین روپے رکھے گئے۔
تازہ ترین