• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں کراچی کے لوگوں کی پروا ہے سیاست کی نہیں،میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہمیں کراچی کے لوگوں کی پروا ہے سیاست کی نہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ مسائل کو حل کریں،گزشتہ رات شہر میں طوفانی بارش کے دوران رین ایمرجنسی سینٹر فعال تھا، جو شکایت موصول ہوئی اسے فوری طور پر حل کیا ہے،رین ایمرجنسی کے حوالے سے وسائل کے مطابق کام کر رہے ہیں،یہ بات انہوں نے منگل کی صبح کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں قائم رین ایمرجنسی سینٹر کے دورے کے موقع پر حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، چیئرمین مالیاتی کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، میئر کراچی کے مشیر فرحت خان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ پیر کی رات ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد درخت اور کھمبے گر گئے تھے جنہیں ہم نے سڑکوں اور دیگر مقامات سے اٹھوایا ہے جبکہ تمام انڈر پاسز سے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے،انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے لئے بلدیاتی عملہ پوری طرح فعال ہے اور ضروری مشینری تیار حالت میں رکھی گئی ہے تاکہ مزید بارشوں کی صورت میں جہاں جہاں مشینری اور پمپس کی ضرورت ہو فوری طور پر پہنچا دی جائیں، میئر نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں اب تک دس افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، شہر میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے متعدد مسائل ہیں جن علاقوں میں تاحال بجلی نہیں ہے وہاں بحالی کا کام جاری ہے، کل شام سے ’’کے الیکٹرک‘‘ انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں اور پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے، انہوں نے کہاکہ رین ایمرجنسی سینٹر بدستور 24گھنٹے کام کرتا رہے گا ، انہوں نے کہا کہ محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کی ٹیمیں تیز بارش کی وجہ سے گرنے والے درختوں کو ہٹا رہی ہیں اور انہیں ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ مزید بارشوں کے لئے تیار رہیں، میئر کراچی نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات ملیں تاہم نکاسی آب کے کام پر مامور عملے نے پمپس اور دیگر مشینری کے ذریعے پانی کی نکاسی کا عمل تیزی سے شروع کردیا ۔

تازہ ترین