اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جمہوری اقدار اور اداروں کو مضبوط بنانے پر پختہ یقین رکھتی ہے، گزشتہ 4 برسوں کے دوران حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو در پیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونےمیں اہم کردار اداکیا، ارکان سینیٹ کامیابیوں کے ثمرات کو اجاگر کر یں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹروں سے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے گزشتہ روز جاتی عمرہ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اوروزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی تھے۔ ملاقات میں قومی اہمیت کے امور اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا حکومت کی جانب سےترقیاتی ایجنڈا جاری رکھنے کے لئے حکومت کی کوششوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے انہیں ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی کے ممبران کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔ سینیٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بگڑتی ہوئی معیشت سے لے کر امن و امان کی خراب صورتحال سمیت تمام چیلنجز سے نمٹ کر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ٹریک پر واپس بحال کیاہے اور اسے ترقی وخو شحالی کے راستے پر گامزن کیا ہے۔
وزیر اعظم نے سیکورٹی، معیشت اور ترقی سے متعلق اٹھائے گئے مختلف پالیسی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ ماضی کی حکومتوں سے بہتر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت نے بہت ضروری ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کی ہے جنہوں نے لوگوں کی ضروریات کو پورا کیا اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا یا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہماری پالیسیوں نے بین الاقوامی سطح پر ہمارا مثبت امیج اجاگر کیا اور بین الاقوامی برادری خاص طور پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پا کستان پر اعتماد کو بحال کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے اس کا اعتراف کیا گیا ہے.وزیرا عظم نے کہا کہ ہم نے بدعنوانی سے پاک حکومت کا تصور دیا ہے اور یہ واقعی ہم سب کے لئے بہت فخر ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آ یا۔وزیراعظم نے خاص طور پر داخلی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے علاوہ معیشت اوربجلی کے شعبوں میں منصو بوں کی بروقت تکمیل اور مختلف ترقیاتی منصوبوں میں حا صل کی جانے والی کا میا بیوں کو اجاگر کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قانون کی حکمران، جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور ملک میں اداروں کو مضبوط بنانے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران پار لیمنٹ کے سامنے حقیقی چیلنج گزشتہ چار سالوں کے دوران ہونے والی کامیابیوں کے ثمرات کو اجاگر کرنا ہے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں سینٹ کے قائد ایوان سنیٹراجہ ظفر الحق، موسمیاتی تبدیلی کےوزیر مشا ہد اللہ خان، وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر)صلاح الدین تر مذی ۔ وزیر برائے شماریات ڈویژن کامران مائیکل، سنیٹر سید آصف سعید کرمانی، سنیٹر، چوہدری تنویر خان، سنیٹر غوث خان نیازی، سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل( ر) عبدا لقیوم، سنیٹرپرویز رشید، سنیٹرسلیم ضیاء، سنیٹرسردار یعقوب خان ناصر، سنیٹرسعود مجید، آغا شا ہزیب درانی، سنیٹرمحمد جاوید عباسی، محترمہ عائشہ رضا فاروق، محترمہ کلثوم پروین، محترمہ نجمہ حمید، محترمہ نزہت صادق اور محترمہ راحیلہ مگسی شامل تھے۔ دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز جاتی عمرہ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔