• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی محفوظ مقام نہیں رہا،وزیر دفاع

 اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی کے بعد پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی محفوظ مقام نہیں رہا، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہا ہے جو کہ خطہ میں امن کیلئے خطرہ ہے ،بھارت کے کسی بھی جارحانہ حملے کا بھرپور جواب دیا ہے اور مستقبل میں بھی دینگے۔گزشتہ روز سینیٹ میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ امریکی انٹیلی جنس سربراہوں کا بیان کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب سے جاری گولہ باری کے جواب میں پاکستان کے اندر کارروائی کر سکتا ہے۔

یہ صرف امریکا کا اپنا اندازہ ہے۔ ہم اس دھمکی سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ بعد ازاں منظور شدہ تحریک التواء جس میں افغان سکیورٹی فورسز کی جانب سے چمن میں پاکستان کے رہائشی علاقوں میں مردم شماری ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ پر بحث سمیٹتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت پر پاک افواج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں،ہمیشہ کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے خلاف ورزی کی جاتی ہے،ہم تصادم نہیں چاہتے تاہم دشمن کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں،پاک افغان سرحد پر اس وقت مکمل امن ہے، دونوں ممالک کے اتفاق رائے سے ہونے والے سروے میں افغانستان کی طرف سے متنازع قرار دیئے جانے والے علاقے پر پاکستان کا حق ثابت ہو گیا ہے۔

بعد ازاں عوامی اہمیت کے حامل ایشو پر بات کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان پارلیمان کے ذریعے مذاکرات ہونے چاہئیں،سینیٹ کی کمیٹی بنا دیں جواس معاملے کو دیکھے۔ ان کیمرہ بریفنگ ہونی چاہئے۔ ہیومن رائٹس کمیٹی کو بھی اس میں شامل کیا جائے، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ لاپتہ افراد اہم ایشو ہے،کسی کیخلاف کوئی الزامات ہیں ان کو عدالت میں لایا جانا چاہئے، ریاست لوگوں کو غائب کرے قانون اجازت نہیں دیتا۔ طاہر مشہدی نے جدید ترین فیڈرل ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کے قیام میں حکومت کی ناکامی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پیش کیا ا س نوٹس کے حق میں دلائل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادویات کی کوالٹی اچھی نہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ادویات جو ہم مہیا کر رہے ہیں وہ انٹرنیشنل لیول کی ہیں،ہم نے کئی لیبارٹریز سے چیک کرائی ہیں، ان لیبارٹریز سے ٹیسٹ کئے بغیر مقامی اور انٹرنیشنل سطح کی ادویات فروخت نہیں کی جاسکتیں۔ دریں اثناء محسن عزیز کی باچا خان ایئرپورٹ کی خستہ حالی کے بارے میں کمیٹی رپورٹ،سلیم مانڈوی والا نےجمال الدینی کی طرف سے موٹر گاڑیوں کیلئے استثنیٰ سکیم کے حوالے سے اٹھائے گئے نکات پر رپورٹ ، پرویز ملک نے مالی سال 2015-16 کیلئے وفاقی کھاتوں اور اس سے آڈٹ سال 2016-17کیلئے آڈیٹر جنرل کی رپورٹیں بھی ایوان میں پیش کیں، اسٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تیسری سہ ماہی رپورٹ کارپوریٹ بحالی بل 2017ءسے متعلق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ ، دستور (ترمیمی) بل 2016ءآرٹیکل 251 کی ترمیم سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کر دی جاوید عباسی کی عائلی قوانین (ترمیمی) بل 2016ءسے متعلق قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری دیدی۔

تازہ ترین