لاہور،گجرات اوراسلام آبادکےبعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش ہوئی ہے جبکہ راولپنڈی میں صبح موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت شمالی اور وسطی پنجاب کے اکثر علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے لاہور کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سویرے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے جس کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہوگیا۔
راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ بارش کےباعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
پنڈی کے مختلف علاقوں ڈھوک کشمیریاں، ڈھوک کالاخان، ندیم کالونی، جاویدکالونی ،جامعہ مسجد روڈ، امام باڑہ چوک، صادق آباد اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ واساکی ٹیموں نےکمیٹی چوک انڈرپاس اوردیگرسڑکوں سےپانی نکالا۔
ادھر نالہ لئی پرگوالمنڈی پرپانی کی سطح 15فٹ جبکہ کٹاریاں پل پر8 فٹ تک پہنچ گئی ہے، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ اورمختلف جگہوں پرفلڈریلیف کیمپس قائم کردئیے گئے ۔
ایم ڈی واسا راجا شوکت کا کہنا ہے کہ واساکا عملہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، انہو ں نے بتایا کہ پنڈی شہر میں اب تک 70ملی میٹربارش ہوچکی ہے۔