راولپنڈی(اپنے نامہ نگارسے)راولپنڈی کنٹو نمنٹ بورڈ کے ماہانہ اجلاس میں پرانے تانگہ سٹینڈ کی جگہ موجودہ دکانوں کی تزئین و آرائش کیلئے مشروط این او سی کی منظوری کے ساتھ ساتھ، کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کے مختلف کاموں کے تخمینہ جات، ترقیاتی کاموں اور سی بی سکولوں کیلئے نئے فرنیچر کے ٹھیکے کی بھی منظوری دیدی۔ جمعہ کو کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کا ماہانہ اجلاس موجودہ پریذیڈنٹ بریگیڈئر سید حسن رضا اور نئے پریذیڈنٹ بریگیڈئر شہزاد تنویر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ اور وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ ملک منیر احمد سمیت نامزدو منتخب ممبران بھی موجود تھے۔ ترجمان کینٹ بورڈ قیصر محمود کے مطابق اجلاس میں ماہانہ اکائونٹس‘ اخراجات و آمدن کے ساتھ ٹیکس/پانی کے واجبات کی وصولیوں، ملازمین کی بیماری کے دوران علاج کی مد میں ہونے والے اخراجات کی ادائیگی و کلیم، مختلف عوامی کام بشمول گلیوں کی تعمیرو مرمت کی منظوری، عارضی ملازمین ڈاکٹرز /ٹیچرز کی جاری مدت ملازمت میں توسیع، پرانے ٹانگہ اسٹینڈ کی جگہ موجود دکانوں کی تزئین و آرائش کیلئے این او سی کی منظوری دی گئی۔