قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ ایک دوست نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہے،ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی سے نہیں، ہمارا موازنہ ان جماعتوں سے نہ کیا جائے جو سازشوں اور بیک ڈور سے حکومت میں آتی ہیں۔
پیپلزپارٹی کی دو صوبوں پر نظر ہے جس نےپنجاب اور خیبر پختون خوا کے سنگم پر واقع ضلع اٹک میں پاور شوکیا، سیاسی جنگ میں فتح کے لیے فتح جنگ میں میدان سجالیا، پیپلز پارٹی کے جلسے میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ میاں صاحب پوچھتے ہیں کہ ان کا قصورکیا ہے؟میاں صاحب آپ کا قصورکیا ہے،وہ ہم سے نہیں عوام سے پوچھیں،کوئی شک نہیں کہ سیاست میں کرپشن کا وائرس آگیاہے، ہم اقتدار کی سیاست نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کاجلسہ پیپلزپارٹی کی پنجاب میں موجودگی کا ثبوت ہے، حکمرانی کا حق صرف عوام کو ہے کسی اور کو نہیں، نام نہاد سیاستدان کہتے ہیں کہ ہمیں وزیراعظم بنایا جائے،ملک کے عوام کی آخری امید بلاول بھٹو ہے، عوام کو بلاول کی قیادت چاہیے، 70 سال کے بوڑھےکی نہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آج زرداری بری ہو رہے ہیں، تم غروب ہو رہے ہو اور ہم طلوع ہو رہے ہیں، کرپشن کے باوجود پوچھتے ہیں کہ ہمارا قصور کیا ہے، ہمارے ساتھ وہ قوتیں نہیں جو سازشوں سے اقتدار میں آنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اپنے صوبے میں اقتدار کی طاقت کھو چکی ہے،اللہ جانتا ہے ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں،ہم نہ رکتے ہیں نہ ڈرتے ہیں اور نہ ہی بھاگتے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مخالفین کہتے ہیں پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ہے، مخالفین مٹ گئےلیکن پیپلزپارٹی ختم نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف آپ گھرگئےہیں لیکن حکومت اوروزیراعظم آج بھی آپ کا ہے،نوازشریف آپ پھر بھی کہتے ہیں آپ کو انصاف نہیں ملا۔