لاس ویگاس ( نیوز ایجنسیز ) امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے آئرلینڈ کے مکسڈ مارشل آرٹس کے فائٹر کونر مک گریگر کو شکست دے کر تاریخ کی مہنگی ترین سپر فائٹ جیت لی۔ ناقابل شکست فلائیڈ مے ویدر نے تابڑ توڑ حملے کرکے دسویں راؤنڈ میں کونر مک گریگر کو ناک آؤٹ کردیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد فلائیڈ مے ویدر نے ریٹائر ہونے کا بھی اعلان کردیا۔ سیاہ فام امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے کیریر میں 50 فائٹس کیں اور تمام میں وہ ناقابل شکست رہے۔
انہوں نے کئی ورلڈ چیمپئن شپس بھی جیتیں۔ ادھر مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر کونر مک گریگر یو ایف سی کے لائٹ ویٹ چیمپئن ہیں۔ امریکی باکسر مے ویدر عالمی مقابلوں سے ریٹائر ہو چکے تھے لیکن اس فائٹ کے لیے دس کروڑ ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی تھی جس کے لیے رنگ میں وہ پھر واپس آئے۔ اس مقابلے کے لیے وہ ایک منصوبے کے ساتھ میدان میں اترے تھے اور اسے بڑی خوبی سے سر انجام دیا۔مےویدر کو اس فائٹ سے ممکنہ طور کل ملا کر 30 کروڑ ڈالر آمدن کی توقع ہے۔