لاہور (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست کامقصد ملک میں شریعت کا نفاذ اور مظلوم طبقہ کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے۔ہم اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔این اے 120میں عوام اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کی صادق اور امین قیادت کا ساتھ دیں ۔
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں این اے 120سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیاءالدین انصاری ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، حافظ سلمان بٹ اور ناظم انتخاب چوہدری محمود الاحدکے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیوں کو ایک طبقہ اشرافیہ نے یرغمال بنا رکھا ہے۔
انہوں نےکہاکہ این اے 120 کا الیکشن ایک ٹیسٹ کیس ہے جس کے اثرات پورے ملک پر پڑیں گے میں این اے 120 کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہماری آزمودہ قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب کریں میں آپ کو یقین دلاتا ہوںکہ ہمارے نمائندے نہ آپ کی امانتوں میں خیانت کریں گے اورنہ ہی کسی کو خیانت کرنے دیں گے۔