اسکردو (نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے امریکی دھمکیوں کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز اسپیکر حاجی فدا محمد ناشاد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مختلف امور پر بحث کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے امریکہ کی طرف سے آئے روز پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی۔
اس موقع پر حکومت اور اپوزیشن ارکان نے تقریر کرتے ہوئے امریکی مطالبہ ’’ڈومور‘‘ کو مسترد کر دیا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں بھارتی اور اسرائیلی کیمپوں کو فی الفور بند کرائے۔ ارکان قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ افغانستان میں قائم را اور موساد کے 60 تربیتی کیمپ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی ٹریننگ دے رہے ہیں۔