اسلام آباد (پرویز شوکت‘ وقائع نگار) پاکستان میں ایٹم بم بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف جھوٹا، مکار اور قوم و ملک کا غدار ہے جو امریکا کے ہاتھوں لاکھوں کروڑوں ڈالرز لیکر بک گیا تھا اور ملکی سالمیت پر سودا بازی کر لی۔ وہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے انکے حوالے سے دیئے گئے انٹرویو پر تبصرہ کر رہے تھے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ میرے بارے میں پرویز مشرف نے جو کچھ کہا وہ بالکل لغو‘ بے بنیاد اور جھوٹ ہے۔
ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ میرے حوالے سے پرویز مشرف نے امریکیوں سے سودا بازی کر لی تھی۔ مجھے امریکیوں کے حوالے کرنے کیلئے گھر میں قید کر دیا گیا اور پرویز مشرف مجھے یہ تسلی دیتا رہا کہ ڈاکٹر صاحب آپ قوم کے ہیرو ہیں‘ اور ہیرو رہیں گے۔ آپ کو تین چار ہفتوں میں رہا کر دینگے کیونکہ بہت پریشر ہے۔ آپ کو ہم امریکا کے حوالے نہیں کر سکتے لیکن اس نے مجھے گھر میں قید ہی اسی لئے رکھا تھا کہ مجھے سی آئی اے کے سپرد کر دیا جائے۔ پرویز مشرف نے اس وقت کے وزیراعظم ظفر اللہ جمالی کو فون کیا کہ سی آئی اے کا طیارہ آیا ہوا ہے‘ ڈاکٹر قدیر کو انکے حوالے کر دیا جائے۔
اس بات کا اظہار ظفراللہ جمالی نے بھی ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو کچھ کیا ملک و قوم کیلئے کیا‘ میں خود امریکا جانے کیلئے تیار تھا‘ اور میں نے وہاں حقائق ہی بتانے تھے لیکن مجھے وہاں جانے کی اجازت دینے کی انہیں جرات ہوئی،کیونکہ قومی سطح پر شدید ردعمل کا خطرہ تھا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ مشرف جیسا انٹر پاس شخص سائنسی امور کو کیا جانے،اسے تو کوئی کہوٹہ میں گھسنے نہیں دیتا تھا۔ اگر انکے سامنے ٹیبل پر کچھوا رکھ دیا جائے تو وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ اسکی دم کہاں ہے اور منہ کہاں ہے۔ جنرل پرویز مشرف شرابی اور بدکردار تھا اور ہے، وہ ملک کا غدار اور مجرم ہے۔ انہوں نے اپنی کتاب میں بھی لکھا ہے کہ ڈاکٹر قدیر نے ایٹم بم نہیں بنایا۔
اب ان سے پوچھا جائے کہ اگر ڈاکٹر قدیر نے ایٹم بم نہیں بنایا تو کیا انکے والد صاحب نے بنایا۔ ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ اس ملک میں وطیرہ ہے کہ ڈاکو اور غدار کو ہیرو بنا دو اور ملک کے ساتھ محبت کرنے والے‘ قربانیاں دینے والے اور انتہائی اہم خدمات انجام دینے والوں کو چور ڈاکو اور غدار بنادو۔ میں نے جو کام کیا اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے‘ میں نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے‘ مجھے کسی سے کوئی انعام نہیں چاہیے۔
اللہ تعالیٰ اس کا اجر دیگا۔ آج اگر ملک محفوظ ہے تو ایٹم بم کی وجہ سے ہے۔ میں نے اور میری پوری ٹیم نے ملک کو ایٹمی قوت بنانے کیلئے دن رات کام کیا اور میرے ساتھیوں نے اس اہم کام کیلئے پوری زندگی لگادی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ میں بہت بیمار ہوں‘ ابھی میں ہسپتال سے ڈسچارج ہوا ہوں‘ میں نے پرویز مشرف کی باتیں سنی نہیں مجھے بتائی گئی ہیں تاہم انکی باتوں کا مجھے بہت صدمہ پہنچا ہے۔ پرویز مشرف کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔