لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ٹرمپ کی دھمکی ان حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہو ں نے 70 سال تک امریکی کاسہ لیسی کی ، پاکستان کو دھمکانا اور بھارت کو گلے لگانا امریکہ کو افغانستان میں ذلت آمیز شکست سے نہیں بچا سکتا ، 6ستمبر کو ملک بھر میں جے آئی یوتھ کے لاکھوں نوجوان ملکی دفاع کا عہد کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں وفود اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان چاہے تو آج نیٹو سپلائی روک کر امریکی فوجوں کو افغانستان کے پہاڑوں میں بے یارومدد گار چھوڑ سکتاہے ۔ پاکستانی قوم ہر دشمن سے ٹکرانے کا حوصلہ رکھتی ہے۔سراج الحق نے کہاکہ امریکہ افغانستان میں پے در پے ناکامیوں سے بوکھلا چکاہے اور اپنی ان ناکامیوں کو پاکستان کے سر تھوپنے کے لیے دھمکیوں پر اتر آیاہے ، حالانکہ ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ جانتی ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کے بغیر افغانستان کی دلدل سے نکل نہیں سکتے ۔ بھارت امریکہ کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہے اور اس خام خیالی اور خود فریبی میں مبتلا ہے کہ وہ امریکی سرپرستی سے خطے کا تھانیدار بن جائے گا ۔