لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں حصول انصاف کیلئے ان کے ورثاء اور پیپلز پارٹی نے زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا ،نواز شریف نا اہلی کیس اور بے نظیر قتل کیس کے نتائج نے نظام پر شبہات میں اضافہ کر دیا ہے اور پرویز مشرف پاکستان کے نظام عدل سے زیادہ طاقتور ثابت ہوئے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ، اکبر بگٹی ، لال مسجد قتل عام اور ججز نظر بندی کے بڑے ملزم پرویز مشرف کے باہر جانے کا کریڈٹ دھرنا دینے اور دلوانے والوں کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک کے نتیجے میں عدلیہ بحال کروا لی مگر اس کا وقار اور آزادی بحال نہیں کروا سکے، توانا شفاف اور فعال جمہوریت کے قیام کے لئے اہم سٹیک ہولڈرز نے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شفاف اور طاقتور جمہوری نظام کے لیے قومی مکالمہ نہ کیا گیا تو داخلی انتشار بڑھ جائیگا،بیرونی دشمنوں کی ناکامی کے لیے اندرونی مسائل بات چیت سے ہی حل کرنا ہونگے ۔