• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میٹرو ، کرپشن کے الزام کی چین کی تردیدخوش آئند، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف پر براہ راست لگنے والے ملتان میٹرو سے متعلق کرپشن کے الزام کی چینی حکومت کی جانب سے تردید سامنے آئی ہے ، ڈائریکٹر نیوز جیو نیوز رانا جواد کا کہنا تھا ، ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ کوئی کسی دوسرے ملک کی حکومت سے الزام کی تردید آجائے ، یہ پاکستان کی بہتری کے لئے ہر طرف سے کرپشن کی خبریں سامنے آنے کے بعد یہ ایک خوش آئند بات ہے ۔امریکی موسیقاروں کا کہنا تھا  کہ پاکستان کمال  ملک ہے پاکستانی کمال لوگ ہیں  ۔وہ جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں بات چیت کر رہے تھے۔شکیل انجم،اعزاز سید ،سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود  نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔پروگرام میں کہا گیا کہ پولیو سے پاک کراچی کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا ، 2017 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا۔10 سال بعد 300 سے زائد سماعتیں اور 6 ججوں کو تبدیل کرنے کے بعد بالآخر بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ آگیا، محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھی سینیٹر صفدر عباسی نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ، فیصلے کے بعد ہم 27دسمبر 2007کے پوائنٹ زیرو پر واپس آگئے ہیں ، اس وقت بھی قاتل ،منصوبہ ساز اور فائنانسر کا نہیں پتا تھا آج بھی ہمارا سوال یہی ہے ، ایک سوال کے جواب میں صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ کرائم سین میں برتی جانے والی غفلت ان اہلکاروں سے خود سے ہوئی یا کروائی گئی ، اس بات سے بھی ہم لاعلم ہیں ،پرویز مشرف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشرف اور بہت سے چارجز ہیں ، مشرف اتنی جلدی واپس نہیں آئیں گے اور غیر موجودگی میں سزا نہیں دی جا سکتی ۔ آصف زرداری  کا محترمہ بے نظیر بھٹو کی لاش  کا پوسٹ مارٹم کی اجازت نہ دینے سے متعلق صفدر عباسی کا کہنا تھا لاش کا پوسٹ مارٹم کرانا پولیس کا فرض ہے پوسٹ مارٹم کے بغیر پولیس لاش کو لواحقین کے حوالے نہیں کرتی ۔ سینئر صحافی اور کتاب’’بے نظیر بھٹو کو کس نے مارا ‘‘کے مصنف شکیل انجم نے اسی پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ توقعات کے عین مطابق ہے ، عدالت نے مہیا کئے گئے ثبوتوں کی بنا پر دو قدم آگے بڑھ کر کیا ، فیصلے میں عدالت کا کوئی قصور نہیں ، تحقیقات میں بے شمار جھول تھے ایک پلان کے مطابق تحقیقات کی گئیں جن کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کے ان اکابرین پر عائد ہوتی ہے جن کو یہ کام سونپا گیا تھا آخری وقت تک رحمان ملک مجرموں کو پکڑے جانے کی نوید سناتے رہے ہیں جس سے شک کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے ،اسی طرح کمیٹیوں کی جانب سے مختلف قسم کی رپورٹس بھی تحقیقات کے دروازے بند کرتی چلی گئی ۔شکیل انجم کا مزید کہنا تھا کہ محدود تحقیقات کو ایک خاص سمت میں چلانا اداروں کی کمزوری نہیں بلکہ چند قوتوں کی طاقت کو ظاہر کرتی ہے جیسا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو دی گئی ہدایات تھیں ، دو رپورٹس تیار کی گئی ایک رپورٹ آج تک خفیہ ہے ۔سابق آئی جی اسلام آباد پولیس طاہر عالم خان نے اسی پر بات کرتے ہوئے کہا سزا پانے والے پبلک سرونٹ ہیں ، ان کا کام کرائم کو روکنا ہے ، سینئر لیول کا افسر کسی سازش کا حصہ نہیں ہو سکتا ، عدالت سے 17 سال کی سزا میرے مطابق زیادتی ہے ، ہمیں شواہد کو ضائع کرنے کی سزاکو مد نظر رکھنا ہوگا، ساتھ میں قتل کرنے کی سازش کا الزام لگانا جائز نہیں ،سازش قتل سے پہلے کی جا سکتی ہے بعد میں نہیں ،معقول شواہد ہوتے ہوئے5 ملزمان کو چھوڑاجانا دھمکیوں کے پیش نظر بھی ہو سکتا ہے جس میں اپیل کی صورت میںان ملزمان کو سزا ضرور ہو سکتی ہے ۔طاہر عالم کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسران کو تر نیوالا جان کرسزا دی گئی، اگرپرویز مشرف اس کیس میں ملوث ہوتے تب بھی ان کو سزا نہیں دی جا سکتی تھی ۔نمائنہ خصوصی اعزاز سید نے شریف خاندان کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ تاثر کے برعکس نیب کافی تیزی سے کام کر رہا ہے، نیب لاہور اور نیب راولپنڈی میں ایک غیر اعلانیہ قسم کا مقابلہ بھی جاری ہے، نیب پنڈی کی جانب سے لاہور میں ملزمان کو طلب کرنے پر سوالات اٹھے ، نیب لاہور اس قسم کے الزامات سے پاک ہے ، نیب کے پاس ملزمان کے بیانات ریکارڈ کیے بنا ریفرنسز دائر کرنے کا حق رکھتا ہے ، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نیب ہر صورت میں شریف خاندان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا پابند ہے ۔کرپشن ثابت ہونے پر شرجیل خان کو سزا سنا دی گئی ، سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا تھا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی ، ان سزائوں سے خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوگا پی سی بی کو مزید اقدامات کرنے ہوں گے ، بک میکرز پر آج تک ہاتھ نہیں ڈالا گیا ،بورڈ کو کھلاڑیوں کی ذہنی تربیت کے ساتھ انکی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کرنا ہوگا ، دوسرا اقدام پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کے برابر معاوضوں کی ادائیگی بھی کرپشن کو روکنے میں کارگر ثابت ہو گی ۔پولیو سے پاک کراچی کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا ، 2017 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا ،7 ماہ کے قاسم میں پولیو وائرس کی تشخیص نے محکمہ صحت کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ۔امریکی میوزک بینڈ پاکستان آمد پرجیو پاکستان کے مہما ن بنے ،بینڈ نے اسلام آباد ، لاہور اور کراچی میں پرفارم کیا ، امریکی موسیقاروں کا کہنا تھا  کہ پاکستان کمال ہے پاکستانی کمال لوگ ہیں  ، گلوکارگیبریئل نے کہا پاکستان بہت اچھا لگا یہاں کی موسیقی بھی سیکھنا چاہوں گی ۔

تازہ ترین