• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا بارش میں ڈوب سکتا ہے تو پاکستان مقابلے میں کچھ نہیں، خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ امریکا جیسا ملک بارش میں ڈوب سکتا ہے تو پاکستان اس کے مقابلے میں کچھ نہیں ہے۔ سکھر میں میڈیا سے بات چیت اور پرانا سکھر پیرزادہ گراؤنڈ میں عید ملن پارٹی کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمدشاہ نے کہا کہ خواجہ اظہار الحسن پر حملہ قابل مذمت ہے، وہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ہیں، اس لئے ان پر ہونیوالے حملے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر حملہ آور نہیں پکڑے گئے تو بات بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کیس نیب میں ہیں دیکھتے ہیں کہ نیب کی جانب سے کیا فیصلہ آتا ہے۔

شہید بینظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلہ سے ہم اس لئے مطمئن نہیں کہ پیپلز پارٹی کو اس کا حصہ بننے نہیں دیا گیا، ایف آئی آر ان لوگوں نے خود داخل کرائی جو ملوث تھے، جیسے کہ پرویز مشرف مرکزی ملزم تھا مگر اسے پاکستان سے باہر جانے دیا گیا اور سزا میں بھی اسے ڈیکلیئر نہیں کیا گیا حالانکہ عدالتوں نے بہت سے کیسز میں غیر حاضری پر سزائیں سنائی ہیں مگر پرویز مشرف کی غیر حاضری پر اسے سزا دینے کے بجائے یہ کہا گیا کہ وہ ملک سے باہر ہیں، جب آئینگے تو پھر دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنی حکومت میں یہ کہیں کہ میرا قصور کیا ہے اور اس کے بعد اس کے وزراء عدالت کو چیلنج کریں اس کو دھمکیاں دیں تو ریاست خطرے میں پڑ جاتی ہے، جب ادارے کمزور ہوجاتے ہیں تو ملک کمزور ہوجاتا ہے، پاکستان کی پوزیشن بڑی خطرناک ہے، ہم سب کو مل کر سوچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایک فرعون ہے اس کی اپنی بھی پارٹی ہے، سندھ میں آکر اگر کوئی کسی کو فرعون کہتا ہے تو کوئی فرق نہیں پڑتا ، خیبرپختونخواہ والے کسی اور کو فرعون کہتے ہیں ، وقت اور حالات ثابت کریں گے کہ کون فرعون ہے اور کون موسیٰ ہے،میاں نواز شریف ملک میں واپس آئیں گے ،اگر وہ چلے گئے تو نہ صرف خود کو بلکہ اپنی پارٹی کو بھی نقصان پہنچائینگے۔

تازہ ترین