وزیر داخلہ احسن اقبال نے مذہبی جماعتوں کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کے خلاف ریلی کے شرکاسے پر امن رہنے کی اپیل کی اورکہا ہے کہ یکجہتی کی ریلی کو پرتشدد بنانے کا برما کے مسلمانوں کو فائدہ نہیں الٹا ہمیں نقصان ہوگا۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برما کے مسلمانوں سے یکجہتی قومی فرض ہے، وزیر داخلہ احسن اقبال نے احتجاجی ریلی کو پرامن رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈ زون کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں ہنگامہ آرائی کا نقصان پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو پہنچتا ہے۔سفارتی انکلیو کی حفاظت ہمارا قومی فرض ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ یکجہتی کی ریلی کو پرتشدد بنانے کا برما کے مسلمانوں کو فائدہ نہیں الٹا ہمیں نقصان ہو گا۔
دوسری جانب برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کرنے کے لیے کنٹینرز لگا دیے گئے۔ پولیس کے مطابق ڈپلومیٹک انکلیو کی سیکورٹی کے لیے ساڑھے سات ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔